نوجوانوں کو باکردار اور ذمہ دار شہری بنانے میں ین یس یس کااہم کردار،بشیراحمد جاگیردار۔ہارو بیلواڈی میں این ایس ایس کے سالانہ خصوصی کیمپ کا شاندار اختتامی اجلاس۔
نوجوانوں کو باکردار اور ذمہ دار شہری بنانے میں ین یس یس کااہم کردار،بشیراحمد جاگیردار۔
ہارو بیلواڈی میں این ایس ایس کے سالانہ خصوصی کیمپ کا شاندار اختتامی اجلاس۔
دھارواڑ : 13 دسمبر :دھارواڑ تعلقہ کے گاؤں ہارو بیلواڈی میں واقع انجمن آرٹس، سائنس و کامرس کالج و پی جی اسٹڈیز، دھارواڑ کی جانب سے منعقدہ قومی خدمت اسکیم (این ایس ایس) کے سالانہ خصوصی کیمپ کا اختتامی اجلاس جذبۂ خدمت کے ساتھ منعقد ہوا۔ اس موقع پر اساتذہ، طلبہ، معزز مہمانانِ گرامی اور گاؤں کے معززین کی بڑی تعداد موجود تھی۔تقریب کی صدارت انجمن اسلام کے نائب صدر جناب بشیر احمد جہانگیر دار نے کی۔ اپنے صدارتی خطاب میں انہوں نے کہا کہ این ایس ایس کیمپ صرف ماحول کی صفائی تک محدود نہیں بلکہ ذہنی پاکیزگی اور اخلاقی بالیدگی کا پیغام بھی دیتے ہیں۔ انہوں نے کیمپ میں شریک طلبہ پر زور دیا کہ وہ دیہی زندگی کے حسن کو سمجھنے کے لیے اخلاص، نظم و ضبط اور ذمہ داری کے اوصاف کو اپنی شخصیت کا حصہ بنائیں۔ ان کے مطابق ایسے کیمپ نوجوانوں کو باکردار اور ذمہ دار شہری بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔تقریب کے مہمانِ خصوصی، انجمن اسلام ادارہ کی انتظامی کمیٹی کے رکن جناب خیرالدین شیخ نے اپنے خطاب میں انسانی اقدار کو زندگی میں اپنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ اخلاقی قدریں، باہمی تعاون اور ذمہ داری کا شعور ہی ایک مضبوط معاشرے اور باوقار قوم کی بنیاد بنتا ہے، اور این ایس ایس رضاکار اس سمت میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔گرام پنچایت کے سکریٹری شری وی بی ہندور نے کیمپ کے دوران انجام دی گئی سرگرمیوں کو گاؤں کے ماحول کی بہتری کے لیے نہایت مفید قرار دیا اور یقین دلایا کہ آئندہ بھی ایسے سماجی و تعمیری کاموں کے لیے گرام پنچایت کی جانب سے مکمل تعاون حاصل رہے گا۔
مہمانِ اعزازی، پرائمری اسکول کی ہیڈ مسٹریس محترمہ سریکھا دیسائی نے اسکول کو کیمپ کے لیے منتخب کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے طلبہ کو وقت کی پابندی، نظم و ضبط اور قیادت کی صلاحیتیں اپنانے کی تلقین کی، تاکہ وہ سماج کی خدمت کے جذبے کے ساتھ آگے بڑھ سکیں۔اس موقع پر انجمن اسلام کےایجوکیشن بورڈ کے رکن جناب ریاض احمد ننھے صاحب نور، گرام پنچایت صدر محترمہ کالوا باڈیگیر، اراکین ایرما ادمیشی، محکمہ صحت کی نمائندہ پروین بانو تالیکوٹی، اسکول ایمپرومنٹ کمیٹی کے نائب صدر نَین دیو ڈوڈّمنی، چندرایا شدگیر مٹھ، گاؤں کے بزرگ یلّپا ادمیشی اور کالج کے پرنسپل ڈاکٹر این بی نالتواڈ اسٹیج پر موجودتھے۔تقریب کی نظامت پروفیسرالاس دوڈمنی نے خوش اسلوبی سے انجام دی۔ این ایس ایس پروگرام آفیسر ڈاکٹر سید تاج النساء نے استقبالیہ کلمات پیش کیے جبکہ پروفیسر ناگراج کنکنی نے شکریہ ادا کیا۔اس موقع پر اسسٹنٹ این ایس ایس آفیسرز پروفیسر شرتی یاوگلمٹھ، پروفیسر شمینہ نداف، پروفیسر شیرین شیرگوپی، پروفیسر چاند سلطان ملا، پروفیسر شبینہ بیڑی،ڈاکٹر آسما نداف کے علاوہ اسکولی طلبہ اور این ایس ایس رضاکاروں کی شرکت نے پروگرام کو کامیابی سے ہمکنار کیا۔اختتامی اجلاس خدمتِ خلق، نظم و ضبط اور سماجی شعور کے پیغام کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔(رپورٹ:ڈاکٹر بی بی عائشہ چکولی ،انجمن ڈگری کالج،دھارواڑ)
Comments
Post a Comment