طلبہ نوجوانوں کو تاریخ ، اسلاف کے کارناموں سے واقف کروانے کی ضرورت۔انڈین یونین مسلم لیگ کے زیر اہتمام ٹیپو سلطان علامہ اقبال مولانا آزاد کی یاد میں جلسہ۔

طلبہ نوجوانوں کو تاریخ ، اسلاف کے کارناموں سے واقف کروانے کی ضرورت۔
انڈین یونین مسلم لیگ کے زیر اہتمام ٹیپو سلطان علامہ اقبال مولانا آزاد کی یاد میں جلسہ۔
گلبرگہ 29 نومبر : (نامہ نگار) طلبہ نوجوانوں کو تاریخ اور اسلاف کے کارناموں سے واقف کروانے کیلئے انڈین یونین مسلم لیگ کے زیر اہتمام اسلاف کی عظیم شخصیات کی یاد میں جلسے منعقد کئے جاتے ہیں یہ بات مولانا محمد نوح ریاستی جنرل سیکریٹری و صدر انڈین مسلم لیگ ضلع گلبرگہ نے بتائی وہ کل شام انڈین مسلم لیگ کے زیر اہتمام رحمانیہ لائف انسٹیٹیوٹ حج کمیٹی نیا محلہ گلبرگہ میں علامہ اقبال ٹیپو سلطان مولانا آزاد کی یاد میں منعقدہ جلسے میں صدارتی تقریر کر رہے تھے مولانا محمد نوح نے علامہ اقبال کو مفکر اسلام قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی شاعری عالم اسلام میں بیداری کا صور پھونکتی ہے محمد نوح نے ٹیپو سلطان کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ٹیپو سلطان نے جنگی کارناموں میں حضور اکرم کی اتباع کی اور وہ ہمیشہ میدان جنگ میں سپاہیوں کے درمیان موجود رہا کرتے قبل ازیں کارروائی کا آغاز حافظ محمد اقبال قائد مسلم لیگ کی قرات کلام پاک سے ہوا۔
 مولوی محمد مظہر احمد گرمٹکالی نے نعت خوانی کا شرف حاصل کیا بشیر عالم قائد مسلم لیگ نے خیر مقدم کیا فضل احمد تماپوری قائد مسلم لیگ نے تعارفی کلمات پیش کئے واجد اختر صدیقی نے مولانا ابوالکلام آزاد کی شخصیت کے تین پہلوؤں کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ مولانا ابوالکلام آزاد مفسر قرآن مجاہد آزادی اور بیباک صحافی تھے انہوں نے مولانا آزاد کو آفاقی و عبقری شخصیت قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ ہندو مسلم اتحاد کے زبردست حامی تھے واجد اختر صدیقی نے ملک کے پہلے وزیر تعلیم کی حیثیت سے مولانا آزاد کے غیر معمولی کارناموں کا احاطہ کرتے ہوئے کہا کہ آج کا ترقی یافتہ تعلیمی نظام مولانا آزاد کا مرہون منت ہے۔
حافظ عبدالرحیم صدر اقبال اکیڈمی گلبرگہ نے شاعر اسلام علامہ اقبال کی شہرہ آفاق نظم جبرائیل اور ابلیس کی تشریح کرتے ہوئے کہا کہ تخلیق آدم کے حوالے سے علامہ اقبال نے حضرت سیدنا جبرائیل اور ابلیس کے کرداروں کے ذریعے اطاعت و فرمانبرداری کی بلندی اور نافرمانی کی پستی کو نہایت متاثر کن پیرائے میں بیان کیا ہے حافظ عبدالرحیم نے علامہ اقبال کی ایک اور نظم جاوید نامہ کے حوالے سے کہا کہ اس نظم میں بھی علامہ اقبال نے ابلیس کا ذکر کیا ہے 
حافظ عبدالرحیم نے جبرائیل اور ابلیس نظم کو علامہ اقبال کی شاعری کی بلندی اور اعلیٰ تخیل کی عمدہ مثال طرز بیان کا بہترین نمونہ قرار دیا اور کہا کہ اس نظم میں علامہ اقبال نے نیکی اور بدی کا بہترین نقشہ کھینچا ہے انہوں نے علامہ اقبال کی شاعری کو ملت اسلامیہ بالخصوص نوجوانان ملت کیلئے سرچشمہ ہدایت قرار دیا سینئر صحافی عزیز اللہ سرمست نے ٹیپو سلطان کو ملک کے اولین مجاہد آزادی قرار دیتے ہوئے ان کی غیر معمولی شجاعت اور عظیم جنگی کارناموں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ مہاتما گاندھی نے غیر ملکی مورخین پر تاریخ کو مسخ کرنے اور ٹیپو سلطان کے ہندو مخالف ہونے کا گمراہ کن پروپگنڈہ کرنے کا الزام عائد کیا تھا لیکن افسوس کہ آج ملک میں ایک ایسا گروہ پیدا ہو گیا ہے جو ٹیپو سلطان کے خلاف مسلسل گمراہ کن پروپگنڈہ کر رہا ہے عزیز اللہ سرمست نے مزید کہا کہ فرانس کی حکومت نے ٹیپو سلطان کی نسل سے تعلق رکھنے والی نور عنایت خان کے اعزاز میں ڈاک ٹکٹ جاری کرتے ہوئے دعوت فکر دی ہے کہ ٹیپو سلطان کے عظیم کارناموں کو ہندوستان میں سراہا جانا چاہیئے
 انہوں نے اس بات پر سخت اظہار تاسف کیا کہ خود مسلمان اپنے اسلاف کے شاندار و عظیم کارناموں کو فراموش کر چکے ہیں شاہنواز خان شاہین نے نہایت خوش اسلوبی سے نظامت کے فرائض انجام دیئے آخر میں خواجہ صدرالدین پٹیل جنرل سیکریٹری انڈین یونین مسلم لیگ گلبرگہ ضلع نے شکریہ ادا کیا محمد شہاب الدین نظامی پرنسپل رحمانیہ لائف انسٹیٹیوٹ کی دعا اور سلام بحضور خیر الانام پر جلسہ اختتام پذیر ہوا جلسے میں رحمانیہ لائف انسٹیٹیوٹ کے طلبہ کے علاوہ انڈین یونین مسلم لیگ کے عہدیداران و کارکنان کے علاوہ مختلف انجمنوں و تنظیموں کے ذمہ داران نے شرکت کی

Comments

Popular posts from this blog

پانگل جونیئر کالج میں نیٹ, جی میں کامیاب طلباء کا استقبال۔

شمع اردو اسکول سولاپور میں کھیلوں کے ہفتہ کا افتتاح اور پی۔ایچ۔ڈی۔ ایوارڈ یافتہ خاتون محترمہ نکہت شیخ کی گلپوشہ

رتن نیدھی چیریٹیبل ٹرسٹ ممبئی کی جانب سے بیگم قمر النساء کاریگر گرلز ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کو سو کتابوں کا تحفہ۔