کیرئیر گائیڈنس ورکشاپ انجمن ہائی اسکول و جونیئر کالج کھام گاؤں میں کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر۔
کیرئیر گائیڈنس ورکشاپ انجمن ہائی اسکول و جونیئر کالج کھام گاؤں میں کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر۔
کھام گاؤں، 29 نومبر: (راست) انجمن ہائی اسکول و جونیئر کالج کھام گاؤں میں دسویں و بارہویں جماعت کے طلبہ کے لیے کیرئیر گائیڈنس ورکشاپ کامیابی سے منعقد ہوا۔ ورکشاپ کا آغاز بارہویں جماعت کے طالب علم عاقب شاہ کی تلاوتِ قرآن پاک سے ہوا۔ صدارت کی تجویز و تائید کے بعد مہمانانِ گرامی کی گل پوشی کا سلسلہ شروع ہوا۔ مہمان کی گل پوشی کالج کی اتھارٹیز نے مشترکہ طور پر کی۔ ادارے کے پرنسپل اور ورکشاپ کے صدر احفاظ الحق خان کی گل پوشی کیرئیر گائیڈنس کمیٹی کے رکن عارف زبیر انصاری نے کی، وائس پرنسپل عمیر محمد خان کی گل پوشی کیرئیر گائیڈنس کمیٹی کے کنوینر نجیب الرحمن خان نے کی اور سپروائزر شکیل احمد کی گل پوشی کمیٹی رکن عبدالطالب نے کی۔
وائس پرنسپل عمیر محمد خان نے افتتاحی کلمات پیش کرتے ہوئے کیرئیر گائیڈنس کی ضرورت اور طلبہ کے مستقبل کے تعین میں اس کے مثبت کردار پر روشنی ڈالی۔ ورکشاپ کے مرکزی مقرر، معروف کیرئیر ایکسپرٹ و چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ سوربھ مندھانی، جنہوں نے آج تک کیرئیر کے میدان میں 20 ہزار سے زائد طلبہ کی رہنمائی کی ہے، نے جامع پریزنٹیشن پیش کرتے ہوئے بتایا کہ موجودہ دور میں 400 سے زائد کیرئیر آپشنز دستیاب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں سالانہ 15 لاکھ انجینئرز تیار ہوتے ہیں، جن میں سے صرف 3 سے 8 لاکھ کو ہی ملازمت مل پاتی ہے، جبکہ اس سال NEET میں 24 لاکھ طلبہ نے شرکت کی۔ انہوں نے CA، CS، BAF، BBA، MBA، انجینئرنگ، میڈیکل سمیت مختلف کورسز کے مواقع، اخراجات اور مارکیٹ ڈیمانڈ سے متعلق تفصیل بیان کی۔ دورانِ سیشن طلبہ نے بھرپور دلچسپی کا مظاہرہ کیا اور بھرپور سوالات بھی کیے۔
اختتام پر پرنسپل و صدرِ اجلاس احفاظ الحق خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ طلبہ کو کیرئیر کے انتخاب میں دوسروں کی پسند یا جذبات کے بجائے اپنی صلاحیت اور رجحان کو مدنظر رکھنا چاہیے۔ پروگرام کا اختتام اظہارِ تشکر کے ساتھ ہوا، جس کے فرائض ورکشاپ کے ناظم ابراہیم قریشی نے نہایت بہترین انداز میں انجام دیے۔ الحمدللہ کثیر تعداد میں طلبہ نے بھرپور استفادہ کیا۔اس ورکشاپ کی کامیابی میں انجمن ہائی اسکول و جونیئر کالج کھام گاؤں کی کیرئیر گائیڈنس کمیٹی نے منصوبہ بند طریقے سے اہم کردار ادا کیا۔ مڈل، ہائی اسکول اور جونیئر کالج کے متعدد اساتذہ نے بھی بھرپور تعاون پیش کیا۔ ویڈیو گرافی کے فرائض زین الدین سر نے انجام دیے، جبکہ نظم و ضبط اور انتظامی امور جسمانی تعلیم کے معلم ناصر انصاری اور سید سہیل نے سنبھالے۔ صدرِ ادارہ ڈاکٹر وقارالحق خان کی خصوصی دعاؤں، نیک تمناؤں اور حوصلہ افزا تعاون نے اس پروگرام کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔
Comments
Post a Comment