جی ایم مومن کالج اسٹڈی سینٹر میں صحافت کے موضوع پر سیمینار کا کامیاب انعقاد۔
بھیونڈی: (عبدالعزیز انصاری) بروز سنیچر 29 نومبر 2025 کو یشونت راؤ چوہان مہاراشٹر اوپن یونیورسٹی کے زیر انتظام جی ایم مومن ویمنس کالج اسٹڈی سینٹر، بھیونڈی کے ذریعہ رئیس ہائی اسکول کے اردو بسیرا آڈیٹوریم میں صحافت کے موضوع پر سیمینار بہ عنوان”اردو صحافت“ کا کامیاب انعقاد عمل میں آیا۔تقریب کی صدارت کے ایم ای سوسائٹی کے نائب صدر ایڈوکیٹ یاسین مومن نے کی۔خصوصی مقررکے طور پر اردو روزنامہ انقلاب،ممبئی کے ایڈیٹر شاہد لطیف صاحب موجود تھے۔مہمانان کے طور پر سوسائٹی کے رکن مختار فرید،پرنسپل ضیاء الرحمٰن انصاری اور مخلص مدعو نے تقریب کو رونق بخشی۔ تقریب کا آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوا۔مہمان خاص جناب شاہد لطیف نے بی اے اور ایم اے اردو کے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے صحافت کے اہم پہلوؤں پر اپنے خیالات اور تجربات کا اظہار کیا۔ طلبہ کے ساتھ بات چیت کے دوران، انہوں نے صحافت کی اہمیت و افادیت پر سیر حاصل گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ”صحافت سماجی خدمت کا ایک بہترین ذریعہ ہے۔“ انہوں نے طلبہ کو صحافت کے میدان میں اپنا کریئربنانے کی بھی رہنمائی کرتے ہوئے معاشرے کی فلاح و بہبود کے لیے صحافت کی اہمیت پر زور دیا۔ موصوف نے صحافت کے میدان میں کام کرتے ہوئے سماجی خدمت کو ریاضت کے درجے پر لے کر مکمل خود اطمینانی اور روحانی تکمیل کے ساتھ اپنے طویل المدتی تجربات شیئر کئے۔ساتھ ہی طلبہ کو مشورہ دیا کہ پڑھنے، سوچنے اور غورکرنے کی صلاحیت پیدا کرکے لکھنے کی مہارت کو بہتر بنایا جا سکتا ہے۔ایڈوکیٹ یاسین مومن نے اپنے صدارتی خطاب میں تحریک آزادی میں اردو صحافت کے کردار پر روشنی ڈالی۔انھوں نے کہا کہ”صحافت میں کیرئر بنانے میں آج بہت چیلنجز درپیش ہیں۔ مہاراشٹر میں اردو کی حالت بہتر ہے اس لیے میں اردو صحافت کے مستقبل کے حوالے سے پر امید ہوں۔“ اسٹڈی سینٹر کے کوآرڈینیٹر عبدالعزیز انصاری نے مہمانوں کا تعارف کراتے ہوئے ان کا استقبال کیا نیز اسٹڈی سینٹر کی کارگزاریوں کا تفصیلی جائزہ بھی پیش کیا۔پرنسپل ضیاء الرحمن انصاری نے افتتاحی خطبہ پیش کیا اور پروگرام کی ضرورت اور افادیت پر روشنی ڈالی۔ صوفیہ مومن نے پروگرام کی کامیاب نظامت کی اور اظہار تشکر کا فریضہ بھی انجام دیا۔ اس سیمینار میں سبطین کشیلکر، محمد رفیع انصاری، مومن ناظمہ،ڈاکٹر ابوسعد اعجاز، خالدعبدالقیوم انصاری، خان ذاکر حسین، فہیم مومن,انتخاب انصاری، حنا فرحین مومن اور دیگر معزز مہمان موجود تھے۔پروگرام کو کامیاب بنانےمیں طہور مومن کا تعاون شامل رہا۔
Comments
Post a Comment