جی ایم مومن ویمنز کالج کے وائی سی ایم او یو اسٹڈی سینٹر میں تقریب یوم اساتذہ۔


 بھیونڈی : (عبد العزیز انصاری) یشونت راؤ چوان مہاراشٹر اوپن یونیورسٹی، ناسک کے زیر انصرام جی ایم مومن ویمنز کالج اسٹڈی سینٹر، بھیونڈی میں ایم اے کے سابق اور موجودہ طلبہ کی جانب سے اپنے اساتذہ کو خراجِ تحسین پیش کرنے لیے ایک مہتم بالشان ’یومِ اساتذہ‘ کا اہتما م کیا گیا۔ یہ مجلس رئیس ہائی اسکول میں منعقد ہوئی۔ اس شاندارتقریب کے صدر نشین رئیس ہائی اسکول و جونیئر کالج کے پرنسپل ضیاء الرحمٰن انصاری تھے۔ صدارتی خطاب میں پرنسپل ضیاء الرحمن انصاری نے تمام طلبہ کو یوم اساتذہ کی تقریب کے کامیاب انعقاد اور شاندار نتائج پر مبارکباد دی۔ اسٹڈی سینٹر کے طلبہ کی کامیابیوں کو بیان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارے طلبہ مختلف مقامات پر بطور اساتذہ، ایڈوکیٹ، پروفیسرز، اکاؤنٹنٹ اور صحافی کی خدمات انجام دے رہے ہیں جو اسٹڈی سینٹر اور کونسلرز اورپوری ٹیم کے لئے فخر کی بات ہے۔جلسہ میں اسٹڈی سینٹرکی انچارج صفاآغا، کوآرڈنیٹر عبدالعزیز کے ساتھ اسٹڈی سینٹرکے تمام اساتذہ محمد رفیع انصاری، ڈاکٹر ابو طالب انصاری، خان ذاکر حسین، ڈاکٹر قطب الدین شاہد، فہیم احمد مومن، ڈاکٹر مطیع اللہ خان، ڈاکٹر ابوسعد اعجاز، سید اعجاز ہاشمی، جویریہ قاضی، صوفیہ مومن اور انس مومن موجود تھے۔ اس پرمسرت محفل کا آغاز طالبہ خان سودا کے ذریعے کلام پاک کی تلاوت سے ہوا۔بعد ازاں انصاری حرا نے حمد پیش کی۔کوآرڈنیٹر عبدا لعزیز انصاری نے تقریب کی غرض و غایت پیش کرتے ہوئے مہمانان کا استقبال کیا۔نیز بی اے، ایم اے اور بی سی اے کے شاندار نتائج کی تفصیلی رپورٹ پیش کی اور ا سٹڈی سینٹر میں سال بھر جاری سرگرمیوں کے بارے میں معلومات دی۔موقع کی مناسبت سے چند طلبہ و طالبات نے اپنے تاثرات پیش کیے۔وسیم احمدنے ولولہ انگیز نظم پیش کی۔ناظمہ مومن،مفتی اشرف خان اور صبا سلیم نے اپنی تقریر میں اساتذہ کو خراجِ عقیدت پیش کیا، جس کی خوب تعریف کی گئی۔اساتذہ نے اپنے تاثرات پیش کرتے ہوئے طلبہ کے جوش و خروش کو سراہا اور یومِ اساتذہ کی مناسبت سے ان کے طرزِ عمل کی تعریف کی۔ نیز انھیں اسی جوش و جذبے کے ساتھ حصول علم کے لیے اپنا سفر جاری رکھتے ہوئے اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ محمد رفیع انصاری نے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے اپنے طالب علمی کے زمانے کے چند دلچسپ واقعات بھی بیان کئے۔ انہوں نے طلبہ کو ان کی مستقبل کی زندگی میں ترقی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔خان ذاکر حسین نے کہا کہ استاد کو زندگی بھر طالب علم رہنا چاہیے۔ اپنے آپ کو اپ ڈیٹ رکھ کر ہی ایک استاد طلبہ کی صحیح رہنمائی کر سکتا ہے۔جناب قطب الدین شاہد نے اس موقع پر ان اکابرین شاگردوں کا ذکر کیا جنھوں نے اپنے اساتذہ کے ادھورے کام کی تکمیل کی۔ خصوصیت کے ساتھ موصوف نے شبلیؔ نعمانی کے شاگردِ رشید سید سلیمان ندوی کا ذکر کیا جنھوں نے شبلیؔ کی کتاب ’سیرت النبی ﷺ کی تکیل کا فریضہ بحسن و خوبی انجام دیا۔اس موقع پر پرنسپل جویریہ قاضی، ڈاکٹر ابو طالب انصاری اور فہیم احمد مومن نے بھی اپنے قیمتی خیالات کا اظہار کیا اور مفیدمشوروں سے طلبہ کی رہنمائی کی۔اس موقع پر منفرد انداز میں اساتذہ کی پذیرائی بھی کی گئی۔نظامت کا فریضہ ندا شکیل نے عمدگی سے انجام دیا۔تقریب کے انعقاد میں ناظمہ مومن، مفتی اشرف خان اور صوفیہ مومن نے اپنا گراں قدر تعاون پیش کیا۔نیہافیاض نے اظہار تشکر کا فریضہ انجام دیا۔ راشٹر گان کے ساتھ تقریب کا اختتام ہوا۔

Comments

Popular posts from this blog

پانگل جونیئر کالج میں نیٹ, جی میں کامیاب طلباء کا استقبال۔

رتن نیدھی چیریٹیبل ٹرسٹ ممبئی کی جانب سے بیگم قمر النساء کاریگر گرلز ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کو سو کتابوں کا تحفہ۔

شمع اردو اسکول سولاپور میں کھیلوں کے ہفتہ کا افتتاح اور پی۔ایچ۔ڈی۔ ایوارڈ یافتہ خاتون محترمہ نکہت شیخ کی گلپوشہ