شولاپور کی چار ممتاز ادبی و تعلیمی شخصیات، مہاراشٹر اسٹیٹ اردو اکیڈمی کی جانب سے ایوارڈ کے لیے منتخب ہونے پر سمیع مومن، صدر پرواز فاونڈیشن کی جانب سے دلی مبارکباد۔



شولاپور (سمیع مومن کی خصوصی رپورٹ ): شہر شولاپور کی علمی، ادبی اور سماجی دنیا کے لیے فخر و انبساط کی خبر یہ ہے کہ یہاں کی چار نامور اور درخشاں شخصیات کو مہاراشٹر اسٹیٹ اردو اکیڈمی کی جانب سے ایوارڈ کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔ ان شاء اللہ یہ ایوارڈ بروز بدھ، ۸ اکتوبر کو ایک شاندار اور پر وقار تقریب میں عطا کیا جائے گا۔
یہ اعزاز حاصل کرنے والی ہستیاں وہ ہیں جنہوں نے اپنی خدمات سے نہ صرف شولاپور بلکہ پورے مہاراشٹر میں اردو زبان و ادب، سماجی و تعلیمی میدان میں روشن نقوش چھوڑے ہیں۔
• ادبی دنیا میں اپنی فکری و فنی سلطنت قائم کرنے والے سلطان سر،
• شہر کے دلوں پر اپنی انفرادیت سے راج کرنے والی شخصیت راجہ باغباں سر،
• شاندار تزک و احتشام کے ساتھ اپنے نمایاں کارناموں کو انجام دینے والے احتشام نداف سر،
• اور ہر فن مولا معلم، ہمہ جہت شخصیت مولا مدیل سر۔
یہ چاروں شخصیات اپنی محنت، خلوص اور علمی بصیرت کی بدولت آج ایک ایسے مقام پر پہنچ چکی ہیں جہاں ان کی پہچان صرف شولاپور تک محدود نہیں رہی بلکہ ریاستی سطح پر بھی تسلیم کی گئی ہے۔
اس موقع پر پرواز فاؤنڈیشن شولاپور کے صدر محمد سمیع مومن نے دلی مسرت اور فخر کا اظہار کرتے ہوئے کہا:
"یہ ایوارڈ دراصل ان شخصیات کی برسوں کی لگن، قربانی اور اردو زبان و تہذیب کی خدمت کا اعتراف ہے۔ ان کے لیے یہ اعزاز ہماری پوری برادری کے لیے باعثِ افتخار ہے۔"
انہوں نے مزید کہا کہ یہ اعزاز نوجوان نسل کے لیے مشعلِ راہ ہے جو یہ پیغام دیتا ہے کہ محنت، خلوص اور لگن کے ساتھ میدانِ علم و ادب میں خدمت کی جائے تو ہر دروازہ کھل جاتا ہے اور کامیابیاں خود بخود قدم چومتی ہیں۔
شہر کے علمی و ادبی حلقوں میں اس اعلان کے بعد خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ مختلف سماجی تنظیموں، تعلیمی اداروں اور ادبی انجمنوں کی جانب سے مبارکبادی پیغامات موصول ہو رہے ہیں۔ جگہ جگہ ان شخصیات کو تہنیتی تقاریب میں مدعو کرنے کی تیاریاں بھی جاری ہیں۔
یہ ایوارڈ نہ صرف ان ممتاز شخصیات کے لیے اعزاز ہے بلکہ شولاپور شہر کے لیے بھی ایک سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے، کیونکہ اس شہر کی سرزمین ہمیشہ اہلِ علم و ادب کی پرورش گاہ رہی ہے۔

Comments

Popular posts from this blog

پانگل جونیئر کالج میں نیٹ, جی میں کامیاب طلباء کا استقبال۔

شمع اردو اسکول سولاپور میں کھیلوں کے ہفتہ کا افتتاح اور پی۔ایچ۔ڈی۔ ایوارڈ یافتہ خاتون محترمہ نکہت شیخ کی گلپوشہ

رتن نیدھی چیریٹیبل ٹرسٹ ممبئی کی جانب سے بیگم قمر النساء کاریگر گرلز ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کو سو کتابوں کا تحفہ۔