عادل آباد میں سہ روزہ قرآنک سرٹیفکیشن کورس کا کامیاب انعقاد۔
بیدر: 29/ستمبر (نامہ نگار ) ہیومن ویلفئیر آرگنائزیشن اور انسٹی ٹیوٹ آف ٹریننگ فار قرآنک ایپلیکیشنز (اتقان) کے تعاون سے شہر عادل آباد کے معروف ادارے ریڈینس اسکول میں قرآن مجید پر غور و تدبر اور اس کے عملی اطلاق کے موضوع پر ایک دلچسپ اور مفید سہ روزہ سرٹیفکیشن کورس کا اہتمام کیا گیا۔ یہ مفت کورس25تا27/ستمبر کو منعقد ہواجس کا مقصد قرآن کی آیات کو روزمرہ زندگی میں نافذ کرنے کی تربیت فراہم کرنا تھا۔شہر عادل آباد اور اطراف کے مقام سے تشریف لائے مرد‘ خواتین‘ طلبہ اور طالبات نے اس سے استفادہ کیا۔یہ کورس قرآنی آیات کی گہرائیوں کو سمجھنے اور ان پر عمل کرنے کا ایک منفرد موقع تھا‘ جو شرکاء کی علمی‘فکری‘روحانی اور عملی تربیت کے لیے ڈیزائن کیا گیا تھا۔کورس میں خواتین کے لئے سورہ الواقعہ‘سورہ عبس‘سورہ النور اورسورہ الاحزاب کی منتخب آیات کا مطالعہ رہا جبکہ مرد حضرات کے لئے سورہ الحج‘سورہ الانفال اور سورہ آل عمران کی منتخب آیات کا مطالعہ کیا گیا۔اس سہ روزہ کورس میں اتقان کے ڈائریکٹر محمد عبد اللہ جاوید صاحب منتخب آیات کی تفہیم پاور پوائنٹ اور سمارٹ بورڈ کے ذریعہ کی۔شرکا ء نے متنوع سرگرمیاں جیسے باہمی تبادلہ خیال‘کوئز‘ کیس اسٹڈیز‘پریذنٹیشنز میں بھرپور حصہ لیتے ہوئے قرآنی آیات پر غور وفکر اور انطباق کی عملی مشق کی۔کورس کا اختتام ریڈینس اسکول میں ایک پروقار تقریب سے ہوا جس میں ہیومن ویلفئیر آرگنائزیشن کے جنرل سکریٹری انتخاب عالم صاحب اور اظہر اللہ صاحب نے شرکت کی۔تنویر پاریکھ صاحب نے اپنے افتتاحی کلمات میں شرکاء کا گرم جوشی سے استقبال کیا اور قرآن مجید کی اہمیت، فضیلت اور زندگی میں اس کی غرض و غایت پر جامع گفتگو کی۔اس کے بعد مرد و خواتین شرکاء نے اپنے تاثرات پیش کیے، کورس کو نہایت مفید قرار دیا اور منتظمین سے ایسے پروگرامز بار بار منعقد کرنے کی گزارش کی۔یاسمین تبسم صاحبہ نے قرآن مجید کے پیغام کو عملی زندگی سے جوڑتے ہوئے شخصی ارتقاء اور عائلی امور میں اس کی رہنمائی پر روشنی ڈالی۔محمد عبد اللہ جاوید صاحب نے کورس کے تسلسل کے لیے تجاویز دیں‘ جن میں غور و فکر کے لیے سورہ النحل اور سورہ الروم کا مطالعہ‘ جبکہ عملی اطلاق کے لیے سورہ بنی اسرائیل، سورہ الفرقان، سورہ لقمان اور سورہ الحجرات کی منتخب آیات شامل تھیں۔ انہوں نے زور دیا کہ قرآن مجید کی تلاوت اور تدبر سے انفرادی واجتماعی زندگیوں میں لازمی طور پر تبدیلی آنی چاہیے۔تقریب کے اختتام پر مہمانان گرامی نے کورس سے استفادہ کرنے والے تمام شرکاء کو سرٹیفکیٹس سے نوازا۔
Comments
Post a Comment