جی ایم مومن ویمنز کالج اسٹڈی سینٹر میں بی اے فرسٹ ایئر کے طلبہ کے لیے اورینٹیشن پروگرام کا کامیاب انعقاد۔
بھیونڈی: (نامہ نگار) بروز اتوار 28 ستمبر، 2025 کو یشونت راؤ چوہان مہاراشٹر اوپن یونیورسٹی، ناسک کے زیر اہتمام کےایم ای سوسائٹیز غلام محمد مومن ویمنز کالج اسٹڈی سینٹر بھیونڈی میں تعلیمی سال 2025-26 میں بی اے سال اول میں داخلہ لینے والے طلبہ کے لیے افتتاحی کونسلنگ کلاس کا انعقادرئیس ہائی اسکول کیمپس کے اردو بسیرا ہال میں کیا گیا۔اس پروگرام کی صدارت رئیس ہائی اسکول اینڈ جونیر کالج کے پرنسپل ضیاء الرحمٰن انصاری نے کی۔اپنے صدارتی خطاب میں پرنسپل ضیاء الرحمٰن انصاری نے بی اے فرسٹ ایئر کے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی کا نصاب اعلیٰ معیار کا ہے۔اس کا مطالعہ کرنے سے بلاشبہ طلبہ کو معیاری اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے اور ان کی شخصیت کی نشوونما میں مدد ملے گی۔ انہوں نے فاصلاتی تعلیم کے ذریعے اپنے تعلیمی سفر کو آگے بڑھانے والے طلبہ پر زور دیا کہ وہ کسی بھی احساس کمتری کا شکار ہونے کے بجائے اپنی پڑھائی پر توجہ دیں۔ انہوں نے وضاحت کی کہ فاصلاتی تعلیم اور باقاعدہ تعلیم محض شناخت کے نام ہیں۔اصل اہمیت معیاری تعلیم کی ہوتی ہے۔ انہوں نےطلبہ پر زور دیا کہ وہ اپنا تعلیمی سفر جاری رکھیں،علم میں اضافہ کریں اور سیکھنے کے دو اہم آلات: موبائل فون اور نصابی کتب کا مثبت استعمال کریں تاکہ تعلیمی معیار کو بہتر بنایا جا سکے۔ اسٹڈی سینٹر کے کوآرڈینیٹر عبدالعزیز انصاری نے اپنے تعارفی خطاب میں اسٹڈی سینٹر کے تمام اساتذہ کا مختصر تعارف کرایا، ان کا استقبال کیا، اور طلبہ میں قواعد و ضوابط پر پمفلٹ تقسیم کیے، انہیں اسکول کے احاطے میں نظم و ضبط برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔اس موقع پر اسٹڈی سینٹرکے اساتذہ خان ذاکر حسین، خان ظفر عالم جامی، ڈاکٹر قطب الدین شاہد،ڈاکٹر ابو طالب انصاری اور ڈاکٹر ابو سعد اعجاز نے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور طلبہ کی حوصلہ افزائی کی,طلبہ کے سوالات کے جوابات دیئے اور ان کے شکوک و شبہات کا ازالہ کیا۔ پروگرام کا آغاز اسٹڈی سینٹر کے طالب علم شکیل رجب کے تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔اردو کی معلمہ صوفیہ مومن نے کامیابی کے ساتھ پروگرام کی نظامت کی اور شکریہ کا فریضہ بھی انجام دیا۔ تقریب کے کامیاب انعقاد میں طہور مومن کا تعاون شامل رہا۔
Comments
Post a Comment