مرکزی میلاد جلوس اتوار کو مکہ مسجد سے برآمد ہوگا..1500ویں جشن میلاد پر خصوصی ادب و احترام کا خیال کریں۔ کمیٹی کے ذمہ داران کی پریس کانفرنس.
حیدرآباد 8 ستمبر (پریس نوٹ) حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے 1500 ویں جشن میلاد کے ضمن میں مرکزی میلاد جلوس کمیٹی حیدرآباد کے زیراہتمام اتوار 14 ستمبر کو بعد نماز ظہر تاریخی مکہ مسجد سے فقید المثال مرکزی میلاد جلوس نکالا جائے گا۔ یہ جلوس چارمینار، گلزار حوض، پتھرگٹی، مدینہ بلڈنگ، نیاپل، سالارجنگ میوزیم، دارالشفاء، پرانی حویلی، منڈی میر عالم، اعتبار چوک، کوٹلہ عالی جاہ، بی بی بازار چوراہا، مغل پورہ سے والٹا ہوٹل پر اختتام کو پہنچے گا۔ مرکزی میلاد جلوس کمیٹی کے صدر مولانا سید شیخن احمد قادری شطاری کامل پاشاہ، معتمد عمومی مولانا سید قادر محی الدین قادری جنید پاشاہ زرین کلاہ، کنوینر مرکزی میلاد جلوس مولانا حافظ محمد مظفر حسین خان قادری بندہ نوازی نے آج ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ پریس کانفرنس میں مرکزی میلاد جلوس کمیٹی کے عہدیداران و اراکین میں مولانا سید محمد علی قادری الہاشمی ممشاد پاشاہ، مرکزی میلاد جلوس کمیٹی کے جوائنٹ سکریٹری مولانا سید شاہ محمد سیف اللہ حسینی الباقری، مولانا سید احمد الحسینی سعید القادری جوائنٹ کنوینر، مولانا سید غلام صمدانی علی قادری, معتمد نشرواشاعت مولانا ڈاکٹر خواجہ محمد شجاع الدین افتخاری حقانی پاشاہ، مولانا محمد اللہ شاہ قادری سرخیل آغا، مولانا سید خواجہ معین الدین قادری بندہ نوازی سعدی پاشاہ، مولانا شیخ فرید الدین زاہد کریمی اور دیگر موجود تھے۔ کمیٹی کے ذمہ داروں نے بتایا کہ مرکزی میلاد جلوس انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ نکالا جائے۔ 1500 جشن انتہائی فقید المثال اور شاندار ہونا چاہیے۔ اس جلوس کے ذریعہ نہ صرف اہل ایمان بلکہ دیگر برادران وطن تک بہترین پیام پہنچایا جاسکتا ہے۔ حضور پاکؐ کی تعلیمات امن و محبت کو عام لوگوں تک پہنچانا ضروری ہے۔ اس جلوس میں کمال ادب احترام کا خیال رکھا جائے، گاڑیوں پر اسٹنٹ نہ کئے جائیں، ڈی جے نہ لگائے جائیں، حضور پاکؐ کی محبت میں صاف ستھرے کپڑے پہن کر درود شریف پڑھتے ہوئے جلوس میں شامل ہوں۔ ممکنہ طور پر جلوس میں پیدل چلنے کی کوشش کریں۔ کلمہ طیبہ اور مدینہ پاک کی تصاویر پر مشتمل پرچموں اور ترنگے پرچموں کا احترام کریں۔ مرکزی میلاد جلوس کے ضمن میں ہمیشہ کی طرح چارمینار کے پاس مرکزی اسٹیج اور دیگر مقامات پر انتظامات کے لیے کمیٹی نے مجلسی قیادت سے اظہار تشکر کیا۔
Comments
Post a Comment