میلادِ مصطفی ﷺ کے پندرہ سو سالہ جشن پر "سیرتِ مصطفی ﷺ کوئز" کی روح پرور و تاریخی رسمِ جرا،ء۔
جلگاؤں( عقیل خان بیاولی) میلادِ مصطفی ﷺ کا پندرہ سو سالہ جشن پوری دنیا میں والہانہ عقیدت و محبت اور بے پناہ روحانیت کے ساتھ منایا جارہا ہے۔ اسی مقدس تسلسل میں ۳۰ اگست بروز سنیچر بعد نمازِ عشاء سنی جامع مسجد بھوساول میں ایک نورانی اور ایمان افروز محفل کا انعقاد ہوا، جہاں "سیرت مصطفی ﷺ کوئز" نامی ایک عظیم اور تاریخی کتاب کا باوقار اجرا علمائے اہل سنت و مفتیان کرام کے مبارک ہاتھوں سے عمل میں آیا۔اس موقع پر مفتیِ شہر بھوساول حضرت علامہ مولانا وصی احمد صاحب قبلہ (دارالافتاء والفقہ فیضان امام احمد رضا) نے کتاب کا جامع تعارف پیش کرتے ہوئے فرمایا کہ یہ کتاب نہ صرف معلوماتی بلکہ ایمان کو تازگی بخشنے والی ایک عظیم علمی سوغات ہے۔ ۷۸۶ صفحات پر مشتمل یہ ضخیم خزانہ سیرتِ طیبہ کے ہر گوشے کو منور کرتا ہے اور نوجوان نسل کو سوال و جواب کی صورت میں سیرت النبی ﷺ سے جوڑنے کی ایک مبارک کوشش ہے۔ حضرت نے مصنف جناب کلیم احمد قادری کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اسے صدقۂ جاریہ قرار دیا۔سنی جامع مسجد بھوساول کے خطیب و امام حضرت علامہ مولانا ریحان رضا امجدی صاحب قبلہ نے اس کتاب کی اشاعت کو ایک تاریخی سعادت قرار دیتے ہوئے کہا کہ آج کے دور میں سیرتِ مصطفی ﷺ کی تعلیمات کو عام کرنے کے لئے یہ کتاب نہایت اہم اور کارآمد ہے۔ انہوں نے عوام و خواص سے اس کتاب کو ضرور خریدنے اور مطالعہ کرنے کی اپیل کی۔
تقریب میں مفتی شعیب رضا قادری، مولانا حافظ سفیان رضا، حضرت قاری عاشق رضا سمیت علمائے اہل سنت اور بڑی تعداد میں اہل ایمان شریک ہوئے۔ اس موقع پر زائر حرمین شریفین حضرت مولانا ریحان رضا امجدی کی گل پوشی اور پرتپاک استقبال ٹرسٹیان جامع مسجد کی جانب سے کیا گیا۔
کتاب کے مؤلف کلیم احمد قادری نے حضرت کی خدمت میں کتاب پیش کرتے ہوئے عرض کیا کہ اسے مدینۂ منورہ میں روضۂ رسول ﷺ کی جالیِ مبارک کے سامنے دعا کے لئے پیش کیا جائے تاکہ یہ علمی کاوش بارگاہِ مصطفی ﷺ میں قبول ہو۔ حضرت نے اس کی بشارت دی۔روح پرور نعتیہ محفل اور صلوٰۃ و سلام کے بعد یہ عظیم الشان دینی اجتماع اپنی بابرکت گھڑیوں کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔یہ کتاب عشقِ مصطفی ﷺ کو جلا بخشنے، نوجوانوں کے ذہنوں کو سیرتِ نبوی ﷺ کے نور سے روشن کرنے اور دینِ متین کی اساس کو مضبوط کرنے کی ایک یادگار کاوش ہے۔
Comments
Post a Comment