بیدربیٹرمنٹ فاؤنڈیشن اور بیدرپوسٹ آفس کے اشتراک سے 30/اگست کو پاسپورٹ میلہ۔
بیدر: 29/ اگسٹ(نامہ نگار) پاسپورٹ بنوانابہت آسان ہے لیکن معلومات کی کمی اور صحیح راستہ کا علم نہ ہونے کی وجہ سے لوگوں کو عموماً اس سلسلہ میں پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتاہے۔ موجودہ حالات میں پاسپورٹ ہر ایک شہری کے پاس ہوناچاہئے۔ ان خیالات کا اظہار بیدر پوسٹ آفس میں تعینات پبلک ریلیشن آفیسر محترمہ منگلا نے آج یہاں شاہین ادارہ جات کے آڈیٹوریم میں 30/اگست بروز ہفتہ بمقام عبدالرحمن ملٹی پرپز ہال، شاہین نگر، بیدر میں منعقد ہونے والے پاسپورٹ میلہ سے متعلق پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے پاسپورٹ کے لئے درکار دستاویز کی نشاندہی کرتے ہوئے کہاکہ کسی بھی شہری کے پاس آدھار کارڈ، ووٹر آئی ڈی، پین کارڈ اور دسویں جماعت کے مارکس کارڈ ہیں تو وہ ان میں کسی دو کو (ایک کو بطورسند پیدائش اور دوسرے کو بطور رہائشی پتہ) کے طورپر پیش کرکے بہ سہولت پاسپورٹ بنواسکتاہے۔ انہوں نے کہاکہ آدھار کارڈ رہائش کی سند کے طورپر پیش کیا جاسکتاہے۔ البتہ پین کارڈ یا دسویں جماعت کے مارکس کارڈ کو رہائش کے ثبوت کے طورپر پیش نہیں کیا جاسکتا۔ کیوں کہ پین کارڈ میں پتہ درج نہیں ہوتاہے۔ انہوں نے بتایا کہ آدھار کارڈ کی اپنی ایک حیثیت ہے البتہ عموماً لوگ آدھار کارڈ کے تعلق سے لاپروائی برتتے ہیں۔ وہ اس طورپر کہ بچوں کے آدھار کارڈ کو سات سال کی عمر میں بایو میٹرک اور فوٹو اپڈیٹ کروانا لازمی ہے جبکہ 15/سال میں پھر سے ایک بار مذکورہ دونوں چیزیں اپڈیٹ کروائی جائیں گی۔ عام شہری جن کی عمر 18/سال سے زائد ہے ان کے لئے لازمی ہے کہ وہ ہر دس سال پر اپنا آدھار کارڈ اپڈیٹ کروائیں۔ مزید یہ کہ جہاں آپ بطور دستاویز اپنا آدھار کارڈ پیش کرتے ہیں تو چاہئے وہ پرنٹ بالکل تازہ ہو اور ویب سائٹ سے حالیہ دنوں حاصل کیا گیاہو۔ محترمہ نے اپنے خطاب کے دوران بیدر کے عام شہریوں سے درخواست کی کہ کل بروز ہفتہ 30/اگست کو عبدالرحمن ملٹی پرپز ہال، شاہین نگر میں منعقدہ پاسپورٹ میلہ سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔ انہوں نے اس سنہری موقع کی فراہم پر ڈاکٹر عبدالقدیر صاحب کا شکریہ اداکیا۔ پوسٹ آفس کے کمشنر نے پوسٹ آفس میں دستیاب سہولیات کی معلومات فراہم کرتے ہوئے کہاکہ بینکنگ (بینک میں دستیاب تمام سہولتیں) اب پوسٹ آفس میں فراہم کی جارہی ہیں۔ پوسٹ آفس میں فی الوقت چار طرح کی خدمات فراہم کی جاتی ہیں۔ 1 میلنگ، 2بینکنگ، 3، انشورنس اور4ریٹیل میں دیگر اشیاء کی فراہمی۔ انہوں نے کہاکہ آپ دیگر بینکوں کے مقابلہ پوسٹ آفس بینکنگ میں منافع کی مقدار بہت زیادہ ہے۔ انشورنس کا بھی یہی حال ہے دیگر انشورنس کمپنیاں آپ کو جتنی سہولتیں فراہم کرتی ہیں ان سے زیادہ پوسٹ آفس آپ کو سہولیات فراہم کرتاہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ پوسٹ آفس کی خدمات سے آپ بھرپور فائدہ اٹھائیں۔ کمشنر صاحب نے شہریوں سے پاسپورٹ میلہ سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی درخواست کی۔ اخیر میں شاہین ادارہ جات بیدر کے چیئرمین اور بیدر بیٹرمنٹ فاؤنڈیشن کے صدر جناب ڈاکٹر عبدالقدیر صاحب نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پوسٹ کے آفس سے آئے ہوئے عملہ کا شکریہ اداکیا اور کہاکہ پوسٹ آفس کے اس قیمتی تعاون کے لئے ہم شہریان بیدر کی جانب سے پوسٹ عملہ اور کمشنر صاحب پبلک ریلیشن آفیسر منگلا میم کا بے حد ممنون ومشکور ہیں۔ انہوں نے بھی شہریوں سے کل منعقد ہونے والے پاسپورٹ میلہ سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی گزارش کی۔
Comments
Post a Comment