جلگاؤں: میونسپل کارپوریشن کے زیر اہتمام پرائمری اسکولوں کے کھیلوں کے مقابلے، اردو اسکول نمبر 13 کے طلبہ کی شاندار کارکردگی۔
جلگاؤں، ( عقیل خان بیاولی) جلگاؤں میونسپل کارپوریشن کے زیر اہتمام شہر کے تمام اردو مراٹھی میڈیم پرائمری اسکولوں کے طلبہ کے لیے یک روزہ کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد 30 اگست کو کیا گیا۔ یہ مقابلے ہاکی کے جادوگر کرنل دھیان چند کی یوم پیدائش کی نسبت سے منعقد کیے گئے تھے، مختلف کھیلوں کے مقابلے دوڑ، لیموں چمچہ، رسہ کشی، کرکٹ، شطرنج اور کیرم کے مقابلوں نے طلبہ کے جوش و جذبے کو عروج پر پہنچایا۔ میونسپل کارپوریشن اردو اسکول نمبر 13 شیواجی نگر کے طلبہ نے ان مقابلوں میں شرکت کرتے ہوئے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
لڑکیوں کے زمرے میں کیرم مقابلے (جماعت ششم تا ہشتم) میں طالبہ علینہ شیخ شکیل نے اول مقام حاصل کر کے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ اسی طرح لڑکوں کے زمرے میں احمد محسن خان نے کیرم میں سوم پوزیشن حاصل کر کے اسکول کا نام روشن کیا۔اسکول کی صدر مدرسہ وحیدہ باجی سمیت تمام اساتذہ نے طلبہ کی تیاری اور مقابلوں میں شرکت کو یقینی بنانے کے لیے محنت کی۔ طلبہ کی اس شاندار کامیابی پر کارپوریشن اسکول بورڈ کے افسران ،اساتذہ کرام ،اسکول انتظامیہ کمیٹی، اور سرپرست حضرات نے مسرت کا اظہار کیا اور کامیاب طلبہ کو دلی مبارکباد پیش کی۔اس طرح کے کھیلوں کے مقابلے نہ صرف طلبہ کی جسمانی فٹنس اور صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کا ذریعہ نہیں بلکہ ان کے اندر ٹیم ورک اور مقابلہ جاتی جذبے کو بھی فروغ بھی دیتے ہیں ۔
Comments
Post a Comment