اُردو زبان کی نمائندگی کے لیے ریاستی اُردو اکیڈمی کی ایک اور بڑی پیش رفت!
تملناڈو: (محمد رضوان اللہ) ریاستی اُردو اکیڈمی، تمل ناڈو کے نئے نائب صدر اور اراکین کا تقرر 08 جولائی 2025 کو عمل میں آیا۔ نائب صدر ڈاکٹر نعیم الرحمن صاحب کی انتھک محنت اور مسلسل کاوشوں کے نتیجے میں اعلیٰ تعلیمی محکمہ حکومت تمل ناڈو کو متعدد اہم تجاویز پیش کی گئیں۔
گزشتہ دس برسوں سے سرکاری آرٹس و سائنس کالجوں میں اُردو شعبہ کے لیے منظور شدہ پروفیسر کی اسامیاں خالی پڑی تھیں۔ اس کے علاوہ اُردو زبان کے لیے وزیٹنگ لیکچرر کی تقرری بھی وقت کی اہم ضرورت رہی ہے۔
ان مطالبات کے تحت ریاستی اُردو اکیڈمی کی طرف سے محکمہ اعلیٰ تعلیم کے پرنسپل سکریٹری اور کالج ایجوکیشن ڈائریکٹر کو متعدد بار مراسلے ارسال کیے گئے۔ ان کی تفصیل درج ذیل ہے:
1. 20.01.2023
2. 10.05.2023
3. 14.07.2023
4. 20.12.2023
5. 09.05.2024
6. 22.10.2024
7. 26.07.2025
یہ امر افسوسناک ہے کہ حالیہ طور پر حکومت کی جانب سے 574 وزیٹنگ لیکچررس کے لیے درخواستیں طلب کی گئیں، لیکن ان میں اُردو زبان کے لیے کوئی بھی اسامی شامل نہیں کی گئی، جس پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا۔
ریاستی اُردو اکیڈمی کی جانب سے کی گئی مسلسل نمائندگی کے مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں۔ محکمہ اعلیٰ تعلیم کے پرنسپل سکریٹری نے اس بات کی یقین دہانی کروائی ہے کہ اُردو زبان کے لیے 17 وزیٹنگ لیکچررز کی اسامیوں کے سلسلے میں جلد ہی سرکاری حکمنامہ (G.O) جاری کیا جائے گا۔
اس کے ساتھ ساتھ، ریاستی اُردو اکیڈمی کی ایک اور کامیابی کے طور پر یہ بھی خوشی سے اعلان کیا جاتا ہے کہ یونیورسٹی آف مدراس (چنئی) میں جلد ہی B.A اردو (Distance Education) کورس کا آغاز ہونے والا ہے۔
ریاستی اُردو اکیڈمی تمل ناڈو اُمید کرتی ہے کہ ان کوششوں کے ذریعے اُردو زبان کو ریاست میں وہ مقام حاصل ہوگا جس کی وہ مستحق ہے
۔
Comments
Post a Comment