حاجی سیپن جتکر صاحب کی باوقار ریٹائرمنٹ — ایک تابناک سرکاری خدمات کا اختتام۔
ممبئی: (شیخ اخلاق احمد، ممبئی) مہاراشٹر اسٹیٹ مایناریٹی آفیسرز ایمپلائیز ایسوسی ایشن 'مراکا' تنظیم کے بانی صدر اور ریاستی جی ایس ٹی محکمہ میں جوائنٹ کمشنر کے عہدہ پر فائز رہنے والے جناب حاجی سیپن جتکر صاحب نے حال ہی میں اپنی سرکاری خدمات سے باعزت ریٹائرمنٹ حاصل کرلی ہے۔ ریاست بھر کے ہزاروں ملازمین اور ساتھی افسران نے اس موقع پر خوشی اور فخر کا اظہار کرتے ہوئے دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی اور ان کی شاندار خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔
جناب حاجی جتکر صاحب نے 1996 میں مہاراشٹر پبلک سروس کمیشن کا امتحان کامیاب کیا اور جنوری 1997 سے سیلز ٹیکس محکمہ میں اپنی سروس کا آغاز کیا۔ اس کے بعد 2007 تک اسسٹنٹ کمشنر کے طور پر اسسمنٹ اینڈ انویسٹی گیشن محکمہ میں اہم خدمات انجام دیں۔ اگست 2007 میں ڈپٹی کمشنر کے عہدہ پر ترقی حاصل کی اور 1 جولائی 2017 تک مختلف اہم شعبوں جیسے ایڈمنسٹریشن، بزنس آڈٹ، ریکوری، ریٹرن، انٹرنل آڈٹ برانچ اور نوڈل اسسمنٹ وغیرہ میں اپنے فرائض نہایت دیانتداری اور محنت سے انجام دیے۔ بعد ازاں موصوف نے جی ایس ٹی جوائنٹ کمشنر کے طور پر "اپیل برانچ" میں بھی شاندار خدمات انجام دیں۔ ان کی پیشہ ورانہ زندگی میں ٹیکس وصولی کے میدان میں کئی اہم اقدامات کے باعث اعلیٰ حکام نے ان کے کام کی بھرپور ستائش کی۔
حاجی جتکر صاحب کا تعلق سانگلی ضلع کے جت تعلقہ کے عمرانی قصبہ سے ہے۔ آپ کے دادا باپو صاحب ایک معروف سماجی کارکن تھے جبکہ والد کسان تھے۔ انتہائی کٹھن معاشی حالات کے باوجود موصوف نے تعلیم کا سفر جاری رکھا اور شاندار کامیابیاں حاصل کیں۔ ابتدائی تعلیم ضلع پریشد اسکول عمرانی سے، پھر دسویں جماعت مراٹھا مندر شری رام راؤ ودیہ مندر ہائی اسکول اور بارہویں شانتی نیکیتن کالج سانگلی سے اعلیٰ نمبروں کے ساتھ مکمل کی۔ اس کے بعد ایگریکلچر کالج کولہاپور سے بی ایس سی اور ایم ایس سی ایگری فرسٹ کلاس میں پاس کی اور آخر کار ایم پی ایس سی کے امتحان میں کامیابی حاصل کرکے سرکاری ملازمت اختیار کی۔
دوران تعلیم پونہ شہر میں قیام کے دوران میں موصوف نے سماجی خدمات اور قائدانہ صلاحیتوں سے کئی طلباء کو ساتھ جوڑ کر رکھا۔ ان کا ہاسٹل کا کمرہ گاؤں سے آنے والے ضرورتمند طلباء کے لیے ہمیشہ کھلا رہتا تھا۔ موصوف نے آل انڈیا مسلم او بی سی آرگنائزیشن کے پلیٹ فارم کے ذریعے مسلم او بی سی ریزرویشن کی تحریک میں بھی اہم کردار ادا کیا۔
حاجی جتکر صاحب نے 2013 میں اقلیتی ملازمین کے حقوق کے لیے "مہاراشٹر راجیہ الپسنکھیانک ادھیکاری کرماچاری ایسوسی ایشن (MRAAKA)" قائم کی جو سرکاری و نیم سرکاری اقلیتی ملازمین کی پہلی منظم اور تسلیم شدہ تنظیم ہے۔ آج اس کے ممبران کی تعداد 40000 سے زائد ہے اور اس میں اعلیٰ افسران سے لے کر آخری زمرہ تک کے ملازمین شامل ہیں۔ تنظیم نے حکومت اور معاشرے کے درمیان پل کا کردار ادا کیا اور اقلیتی ملازمین کے لیے کئی مثبت تبدیلیوں کی راہ ہموار کی۔
قبل ازیں حکومت مہاراشٹر نے ان کی خدمات کے اعتراف میں موصوف کو مسلم او بی سی کمیٹی میں حکومتی رکن بھی نامزد کیا۔ موصوف نے اپنی خدمات کے دوران وقف بورڈ دفاتر کا قیام، اردو اسکولوں کے انفراسٹرکچر کے لیے فنڈ کا مطالبہ، اقلیتی طلباء کے لیے اسکالرشپ اسکیم میں فنڈ کی فراہمی اور اسکے حصول میں درپیش مسائل کے سد باب کی کوشش شامل حال رہی۔ اقلیتی طلباء کے لئے مقابلہ جاتی امتحان کی تیاری کے لئے کوچنگ سینٹرز اور کئی دیگر فلاحی اقدامات میں موصوف نے نمایاں کردار ادا کیا۔
حاجی جتکر صاحب کی ریٹائرمنٹ کے موقع پر ساتھی ملازمین، دوست احباب اور تنظیم کے ہزاروں ممبران نے ان کی انتھک محنت، ایمانداری اور اقلیتوں کی خدمت کے جذبہ کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا۔ موصوف کے والدین کی طالب علمی کے زمانہ سے خواہش تھی کے انکے فرزندان سرکاری افسر بنیں۔ ان کے بڑے بھائی سینئیر انسپکٹر بن کرپولس محکمہ سے سبکدوش ہوئے جبکہ موصوف بھی جی ایس ٹی محکمہ میں اعلیٰ عہدے پر فائز ہوکر سبکدوشی اختیار کی۔ موصوف نے خصوصی گفتگو کے دوران کہا کہ والدین نے تنگدستی میں بھی انھیں اعلی تعلیم کے زیور سے نوازا یہی انکی پیشہ وارانہ کامیابی کا راز ہے۔ بعد ازیں انکی والدہ کو فاطمہ بائی اعزاز سے نوازا گیا تھا۔
ریٹائرمنٹ کے بعد بھی موصوف نے اقلیتی طلباء اور ملازمین کی رہنمائی جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا ہے، اور کہا ہے کہ وہ اپنی زندگی کے اس نئے دور میں بھی معاشرے کی بہتری کے لیے کام کرتے رہیں گے۔
شیخ اخلاق احمد، جوگیشوری، ممبئی۔ 9967329370
Comments
Post a Comment