لاتور میں خادمین امت کے جلسۂ عظمت قرآن کا شاندار انعقاد۔دجالی فتنوں کی پیش بندی اور خلافت علی منہاج النبوۃ کی تیاری کے لئے قرآن میں غوطہ زن ہوجانا وقت کا عین تقاضہ ہے۔۔۔امیر خادمین امت۔لاتور ایجوکیشن ہب کے طور پر جانا جاتا ہے ہم قرآن فہمی کو بھی اسی نہج پر عام کردیں گے۔۔۔ سابقہ صدر بلدیہ جناب معز شیخ۔


لاتور(راست) خادمین امت کے قرآن فہمی پروگرام-۱۸ کے تحت لاتور میں بھی کئی مدارس کے طلباء، اساتذہ اور عام خواتین نے بھی قرآن مع ترجمہ مکمل پڑھنے کا شرف حاصل کیا جن کی جملہ تعداد 75 رہی۔ ان خوش نصیب شرکاء میں تہنیتی انعام و اسناد کی تقسیم کے لئے ڈاکٹر محمد اقبال اردو ہائی اسکول لاتور میں ایک شاندار و کامیاب جلسۂ عظمت قرآن و تقسیم انعامات کا انعقاد عمل میں آیا۔
اس موقع سے ادارہ ھذہ کی صدر محترمہ قاضی سلطانہ باجی صاحبہ، لاتور کی معروف سیاسی و سماجی شخصیت ، سابقہ صدر بلدیہ، شاہین اکیڈمی لاتور کے ڈائریکٹر جناب شیخ معز صاحب، قومی اردو شکشک کرمچاری سنگھ-مہاراشٹر خاتون ونگ کی سیکرٹری محترمہ قاضی نسرین باجی صاحبہ، ڈسٹرکٹ آرگنائزر اور قومی اردو شکشک کرمچاری سنگھ-مہاراشٹر کے سیکرٹری جناب سلیم آلند صاحب، دختران امت لاتور کی ضلع انچارج محترمہ دائمی اسماء باجی صاحبہ، امیر خادمین امت اور قومی اردوشکشک کرمچاری سنگھ-مہاراشٹر کے ریاستی صدر جناب عابد خان حمید خان صاحب نے سہ نشین کو رونق بخشی۔ جناب یافعی سر نے نظامت کے فرائض انجام دئے۔
سلیم آلند صاحب نے پروگرام کے مقاصد پر روشنی ڈالی۔ تنظیمی خطاب میں امیر خادمین امت جناب عابد خان حمید خان صاحب نے بالخصوص اولیائے طلباء اور اساتذہ سے مخاطب ہوکر کہا کہ یہ ہماری موجودہ نسل جہاں ایک طرف ایک مبارک نسل ہے کہ جنھیں نبویﷺ بشارتوں کی تکمیل میں اپنا کردار ادا کرنے کے مواقع ملنے والے ہیں وہیں انھیں دجالی فتنوں کی زبردست مار بھی سہن کرنی ہے۔
 لہٰذا دجالی فتنوں کی پیش بندی اور خلافت علی منہاج النبوۃ کی تیاری کے لئے قرآن میں غوطہ زن ہوجانا وقت کا عین تقاضہ ہے اور یہ پوری ذمہ داری والدین اور اساتذہ کی ہے کہ وہ اب انھیں نکات کو سامنے رکھ کر اپنے بچوں اور طلباء کی تربیت کو یقینی بنائیں۔ امیر خادمین امت نے طلباء سے مخاطب ہوکر کہا کہ نبی اکرم ﷺ کی سیرت کے شجاعت ، بہادری اور انقلابی پہلوؤں کو اپنی زندگی میں لائیں، تاکہ ان دجالی فتنوں کی سختی پر جام شہادت نوش کرلیں لیکن اپنے ایمان کا سودا نہ کریں۔ ظالموں کے آگے گڑگڑانے کے بجائے ان کا ہاتھ مروڑ دینے کی سکت پیدا کریں۔ امیر خادمین امت نے امید ظاہر کی کہ ان شاءاللہ ملت کی بیٹیوں میں سے کوئی ام عمارہ اٹھیں گی، کوئی رومیسا بنت ملتان اٹھیں گی، کوئی خولہ بنت لازور اٹھیں گے بس ضرورت ہے کہ انگی مقاصد کےتحت تربیتی نظام اختیار کیا جائے۔ سابقہ صدر بلدیہ لاتور جناب معز شیخ صاحب نے اپنے بیان میں خادمین امت کی سرگرمیوں کی خوب سراہنا کی اور مختلف اسکولس و کالجس سے آئے اساتذہ و منتظمین کو اپیل کہ کہ وہ اپنے ادارے کے طلباء کو ایسی سرگرمیوں میں شامل کرتے رہیں۔ جناب نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ لاتور ایجوکیشن ہب کے طور پر جانا جاتا ہے ہم قرآن فہمی کو بھی اسی نہج پر عام کردیں گے۔ بعد از خطابات تمام شرکاء کو سند اور تہنیتی ٹروفی سہ نشین پر موجود ذمہ داران کے ہاتھوں پیش کی گئی۔ طلبہ وطالبات کے والدین بھی اپنے بچوں کے ساتھ شامل رہے۔ سورہ عصر کی اجتماعی تلاوت پر اجلاس کا اختتام عمل میں آیا۔

Comments

Popular posts from this blog

پانگل جونیئر کالج میں نیٹ, جی میں کامیاب طلباء کا استقبال۔

رتن نیدھی چیریٹیبل ٹرسٹ ممبئی کی جانب سے بیگم قمر النساء کاریگر گرلز ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کو سو کتابوں کا تحفہ۔

شمع اردو اسکول سولاپور میں کھیلوں کے ہفتہ کا افتتاح اور پی۔ایچ۔ڈی۔ ایوارڈ یافتہ خاتون محترمہ نکہت شیخ کی گلپوشہ