ہم نشیں بھیونڈی کے ادبی کوئز کی تیاریاں مکمل۔
بھیونڈی : (عبدالرحمن یوسف) :اپریل کا مہینہ موسم کے اعتبار سے گرمی کے لیے جانا جاتا ہے لیکن بھیونڈی میں ہم نشیں کے ادبی کوئز کی وجہ سے موسم مزید گرم ہوگیا ہے۔ بتا دیں کہ ۲۶؍ اپریل ہم نشیں کی جانب سے منعقد ہونے والے ادبی کوئز برائے اساتذہ مقابلے کی تیاریاں پورے شباب پر ہیں۔
اس سلسلے میں عامر اصغر قریشی (صدر ، ہم نشیں)نے معلومات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ امسال سنیچر، ۲۶؍اپریل ۲۰۲۵ء کو انصاری صافیہ گرلز ہائی اسکول میں منعقد ہونے والا ادبی کوئز ہم نشیں کی شان دار روایت کی پاس داری کرتے ہوئے انفرادیت کے ساتھ منعقد ہونے والا ہے ۔ انھوں نے مقابلے کے تعلق سے تفصیل فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ صبح ۱۰؍بجے رئیس ہائی اسکول اینڈ جونیر کالج میں کوالیفائنگ مقابلہ(ابتدائی مقابلہ) ہوگا جس میں سے ۱۸ ؍بہترین ٹیمیں دو پہر ۲؍بجے دوبارہ حتمی مقابلے میں شریک ہوگی۔ انھوں نے دل چسپ بات یہ بھی بتائی کہ ابتدائی مقابلہ بھیونڈی کی معروف ادبی شخصیت اقبال عثمان مومن کی نگرانی میں ہوگا۔ فائنل مقابلے میں انجمن ِ اسلام ممبئی کے نائب صدر اور اہم ادبی شخصیت ڈاکٹر شیخ عبداللہ صاحب صدارت فرمائںیں گے۔مہمانان اعزازی کی حیثیت سے معروف شاعر، ادیب محمد رفیع انصاری اور برصغیر کے اہم شاعر عرفان جعفری شریک ہوں گے۔مہمانانِ خصوصی کی حیثیت سے بھیونڈی ایسٹ کے ایم ایل اے رئیس قاسم شیخ اور معروف اسٹینڈ اپ کامیڈین رحمٰن خان شریک ہورہے ہیں۔مہمانان میں امتیاز خلیل ، ڈاکٹر عمران امین، ڈکٹر غلام نبی مومن، عدنان سرکھوت، ضیاءالرحمٰن انصاری، خالد فرید انصاری(صدر الحمرا ایجوکیشنل سوسائٹی)، وقار نذیر کتابی(اعزازی جنرل سیکریٹری ،الحمرا ایجوکیشنل سوسائٹی)،اقبال عثمان مومن، حسنیٰ انصاری، ساجد صدیقی، شبیر فاروقی اور وجاہت عبدالستار صاحبان کی شرکت یقینی ہے۔اس موقع پر ہم نشیں کی سابقہ روایت کے مطابق ڈاکٹر شیخ عبداللہ اور محمد رفیع انصاری صاحبان کو لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا جائے گا۔انھوں نے فائنل مقابلے میں شریک ہونے کے لیے اہلِ ذوق سے کثیر تعداد میں شرکت کی درخواست کی ہے۔ مقابلے کے تعلق سے ظفر عالم جامعی اور سرفراز مرمکر نے اعداد و شمار کی روشنی میں بتایا کہ ادبی کوئز میں بھیونڈی شہر و مضافات کے ساتھ ساتھ کلیان، ممبئی کے علاوہ دھولیہ جیسے دور دراز علاقوں سے ۳۳؍ اسکول کے ۶۶ اساتذہ شرکت کر رہے ہیں ۔
اراکینِ ہم نشیں نے بھیونڈی اور مضافات کے علاقوں کے اساتذہ اور اہلِ ذوق حضرات سے شرکت کی درخواست کی ہے
Comments
Post a Comment