ننھا روزہ دار محمد علی۔کالم نگار : شیخ محمد اسماعیل بن نظیر۔


ننھا روزہ دار محمد علی۔
کالم نگار : شیخ محمد اسماعیل بن نظیر۔ 

آج میرے گھر کی فضا کچھ اور ہی تھی۔ سحر کے وقت جب سب نیند کی آغوش میں تھے ۔۔۔ میرا سات سالہ بیٹا محمد علی  آنکھوں میں چمک لیے اُٹھ بیٹھا۔ ننھے ہاتھوں سے آنکھیں ملتے ہوئے اس نے معصومیت سے کہا ۔۔۔
ابو ! آج میں بھی روزہ رکھوں گا۔"
یہ اس کا پہلا روزہ تھا۔ عمر صرف سات برس ۔۔ مگر شوق ایسا جیسے کوئی بڑا عزم کر رہا ہو۔ سحری کے دسترخوان پر وہ بڑے فخر سے بیٹھا۔  جیسے کسی خاص ذمہ داری کا حصہ بن گیا ہو۔ ہر نوالہ اس کے چہرے پر عزم کی روشنی بڑھا رہا تھا۔
دن چڑھا تو کبھی کھیل میں مصروف ہو جاتا، کبھی آ کر پوچھتا ۔۔۔
ابھی افطار میں کتنا وقت ہے؟ 
پیاس لگتی تو ہونٹوں پر زبان پھیر کر مسکرا دیتا اور کہتا ۔۔۔
ابو نے وعدہ کیا ہے میں روزہ رکھوں گا تو مجھے انعام میں ڈھیر سارے پیسے ملیں گے ۔۔۔
اس کی یہ باتیں دل کو چھو رہی تھیں۔ والدین کے لیے یہ لمحہ خوشی اور جذبات کا حسین امتزاج تھا۔ میں سوچتا رہا کہ عبادت کا یہ پہلا قدم اس کی زندگی میں تقویٰ، صبر اور شکر کا چراغ روشن کرے گا۔
شام ڈھلی، اذانِ مغرب کی آواز گونجی تو اس کے چہرے پر خوشی دیدنی تھی۔ کھجور ہاتھ میں لیتے ہوئے اس نے دعا کی اور پہلا روزہ مکمل کر لیا۔ اس کی آنکھوں میں کامیابی کی چمک تھی، جیسے کوئی بڑا معرکہ سر کر لیا ہو۔
آج محمد علی نے صرف ایک دن کا روزہ نہیں رکھا، بلکہ صبر، اطاعت اور ایمان کی راہ پر پہلا قدم رکھا ہے۔ اللہ تعالیٰ اس ننھے روزہ دار کا یہ عمل قبول فرمائے اور اسے دین و دنیا میں کامیاب کرے۔
آج میرا بیٹا میرے لیے صرف سات سال کا بچہ نہیں، بلکہ ایک ننھا مجاہد ہے جس نے خواہشات پر قابو پا کر عبادت کی مٹھاس چکھی ہے۔

Comments

Popular posts from this blog

پانگل جونیئر کالج میں نیٹ, جی میں کامیاب طلباء کا استقبال۔

شمع اردو اسکول سولاپور میں کھیلوں کے ہفتہ کا افتتاح اور پی۔ایچ۔ڈی۔ ایوارڈ یافتہ خاتون محترمہ نکہت شیخ کی گلپوشہ

رتن نیدھی چیریٹیبل ٹرسٹ ممبئی کی جانب سے بیگم قمر النساء کاریگر گرلز ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کو سو کتابوں کا تحفہ۔