استقبالِ رمضان: رحمتوں کے مہینے کی تیاری۔از قلم : نورجہاں بانو بنت عبد العزیز خان طالبہ ایچ جے تھیم اقراء کالج مہرون جلگاؤں۔


استقبالِ رمضان: رحمتوں کے مہینے کی تیاری۔
از قلم : نورجہاں بانو بنت عبد العزیز خان طالبہ ایچ جے تھیم اقراء کالج مہرون جلگاؤں۔

رمضان المبارک کا مہینہ محض روزے رکھنے کا نام نہیں بلکہ یہ ایمان کی تجدید، روحانی ترقی اور نیکیوں کی بہار کا مہینہ ہے۔ جیسے کسی عزیز ترین مہمان کی آمد پر ہم گھروں کی صفائی کرتے ہیں، اچھے پکوان تیار کرتے ہیں اور خلوص و محبت سے استقبال کرتے ہیں ویسے ہی رمضان کی آمد پر ہمیں اپنے قلب و روح کو صاف کرنا چاہیے، گناہوں سے توبہ کرنی چاہیے اور عبادتوں میں خلوص پیدا کرنا چاہیے۔
استقبالِ رمضان کے لیے سب سے ضروری چیز نیت کی اصلاح اور خود کو مکمل طور پر اس بابرکت مہینے کے لیے تیار کرنا ہے۔ ہمیں اپنی عبادتوں کا جائزہ لینا چاہیے، قرآنِ کریم سے تعلق مضبوط کرنا چاہیے، حقوق العباد کا خیال رکھنا چاہیے اور سستی و کاہلی کو ترک کر کے عبادت میں محنت کرنی چاہیے۔ رسول اللہ ﷺ رمضان کی آمد سے پہلے ہی اس کی تیاری فرماتے، رجب و شعبان میں عبادات بڑھا دیتے اور صحابۂ کرام رضی اللہ عنہم اجمعین کو بھی اس کے لیے ذہنی و روحانی طور پر تیار کرتے۔
یہ مہینہ ہمیں خود احتسابی کا موقع دیتا ہے۔ ہمیں غور کرنا چاہیے کہ گذشتہ رمضان کے بعد سے ہمارے اعمال میں کیا بہتری آئی؟ کیا ہم نے گناہوں سے اجتناب کیا؟ کیا ہمارے دلوں میں نیکی کی محبت پیدا ہوئی؟ اگر نہیں، تو یہ وقت ہے کہ ہم اپنے اعمال کی اصلاح کریں اور اس رمضان کو اپنی زندگی کا بہترین رمضان بنانے کی کوشش کریں۔
پس، رمضان کو محض ایک روایتی رسم نہ سمجھیں بلکہ اسے اپنی زندگی میں حقیقی تبدیلی کا ذریعہ بنائیں۔ دل سے نیت کریں کہ اس بار یہ مہینہ ہمیں پہلے سے زیادہ متقی اور باعمل بنا کر رخصت ہو۔ یہی استقبالِ رمضان کی حقیقی روح ہے، خصوصاً نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ لہو و لعب سے بچ کر عبادت و ریاضت اور تسبیح و تلاوت میں مصروف رہیں۔ دعاؤں کا کثرت سے اہتمام کریں کہ رب عزوجل اس ماہِ رمضان کی برکت سے عالم اسلام میں امن و شانتی قائم فرمائے، مفتیِ اعظم ہند نے کیا خوب پیغام دیا ہے :

ریاضت کے یہی دن ہیں بڑھاپے میں کہاں ہمت
جو کچھ کرنا ہو اب کرلو، ابھی نوری جواں تم ہو

Comments

Popular posts from this blog

پانگل جونیئر کالج میں نیٹ, جی میں کامیاب طلباء کا استقبال۔

شمع اردو اسکول سولاپور میں کھیلوں کے ہفتہ کا افتتاح اور پی۔ایچ۔ڈی۔ ایوارڈ یافتہ خاتون محترمہ نکہت شیخ کی گلپوشہ

رتن نیدھی چیریٹیبل ٹرسٹ ممبئی کی جانب سے بیگم قمر النساء کاریگر گرلز ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کو سو کتابوں کا تحفہ۔